روپے کی قدر میں استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے: زاہد اقبال چوہدری

لاہور(پ ر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر زاہد اقبال چوہدری نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو آل پاکستان چیمبرز آف کامرس صدور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ کارباری برادری نے چیمبرز صدور کانفرنس 2020کے ذریعے اپنے تحفظات کو احسن طریقے سے حکومت تک پہنچایا ہے جن کے فوری حل کی قوی امید ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ آسان ٹیکس نظام،روپے کی قدر میں استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔کاروباری برادری نے حکومت کو ٹیکس معاملات،بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی،ٹیکس ریفنڈز،پالیسی اور ادارہ جاتی اصلاحات،صنعت سازی،تجارت،براآمدات اور درآمدات سے متعلق مختلف مطالبات پیش ہیں۔

زاہد اقبال چوہدری نے مزید کہاکہ ایس ایم ایز شعبے کو ترقی کے مساوی مواقعے فراہم کرنے کے لیے ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی شرح میں کمی،بیمار صنعتوں کی بحالی کے لیے خصوصی ٹیکس مراعات کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں اور وفاق کے دہرے ٹیکسوں کے معاملے کو فوری حل کیا جائے۔ملک میں صنعتوں کے فروغ کے لیے سی پیک خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد قائم کیا جائے،حکومت ترقیاتی فنڈز کے اجراء کے یقینی بنائے تاکہ ملک میں کارباری سر گرمیاں تیز ہوں۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.